بارش کے باعث چھتیں گرنے سی7 افراد جاں بحق

خستہ حال عمارت بیٹھ گئی،چھ افرادزخمی ہو گئے،مرنے والوں میں دو بہنیں شامل

بدھ 16 جولائی 2025 21:54

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء)حالیہ بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں چھتیں اور عمارتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد شدید زخمی ہو گئے۔ نواحی گاؤں 25 ٹو آر میں گھر کی چھت گرنے سے 40 سالہ اللہ دتہ ولد سیلمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ گیمبر روڈ 52/5L پر ایک اور واقعے میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 12 سالہ حبیب اللہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے بہن بھائی 19 سالہ سجاد اور 14 سالہ طاہرہ شدید زخمی ہوئے۔

قصبہ مرولہ شریف میں بھی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں تین سالہ انایہ بی بی اور سات سالہ مہروبہ بی بی جاں بحق ہو گئیں۔ جاں بحق بچیوں کا والد عارف، والدہ ثناء بی بی، بیٹی حرم فاطمہ اور ڈیڑھ سالہ مہتاب عارف زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم اے جناح روڈ پر ایک خستہ حال عمارت بیٹھ گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر شیرگڑھ روڈ پر واقع ایک میرج ہال میں واٹر پمپ چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 35 سالہ ثاقب ولد احسان جاں بحق ہو گیا۔دریں اثناء گاؤں 56-ڈی نزد 34 فور ایل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بازار سے کھانے کی چیز لینے جاتے ہوئے دو کمسن لڑکیاں ماہ نور دختر مرتضیٰ عمر تقریباً 10 سال اور اقرا دختر اکرم عمر تقریباً 8 سال کنویں میں گر کر جاں بحق ہو گئیں۔

لواحقین کے مطابق بارش کے باعث پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے کنواں نظر نہ آیا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ اہلخانہ نے بچیوں کو بے ہوشی کی حالت میں خود ہی کنویں سے نکالا، تاہم ریسکیو ٹیم کے موقع پر پہنچنے اور سی پی آر فراہم کرنے کے باوجود دونوں بچیاں جانبر نہ ہو سکیں۔ اہلخانہ نے ڈیڈ باڈیز کو ہسپتال منتقل کروانے سے انکار کر دیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے تمام مقامات پر بروقت امدادی کارروائیاں کیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور متاثرہ علاقوں کو کارڈن آف کر کے محفوظ بنایا۔