ؔڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی کی زیر نگرانی ڈی سی آفس کوئٹہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

بدھ 16 جولائی 2025 19:35

5 کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی کی زیر نگرانی ڈی سی آفس کوئٹہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مختلف مسائل سے انتطامیہ کو آگاہ کیا۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، محکمہ واسا، پی ایچ ای، کیسکو، سوئی گیس، پی پی ایچ آئی، میٹروپولیٹن کارپوریشن، پولیس، صفا کوئٹہ، ڈی ایچ او، محکمہ تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، ٹریفک پولیس، نادرا، تحصیلداران، رجسٹرار، سب رجسٹرار، فوڈ اتھارٹی سمیت ڈی سی آفس کے تمام برانچ انچارجوں نے شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بجلی، گیس، پانی، صفائی، شناختی کارڈ، ٹریفک، صحت، تعلیم اور ریونیو سمیت مختلف مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی سنا اور متعلقہ افسران کو فوری اقدامات اور حل کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو براہ راست سننا اور ان کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ یہ عمل ہر ماہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو ضلعی انتظامیہ تک بلاواسطہ رسائی حاصل ہو اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ بھی کھلی کچہریوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ کے علم میں لا کر ان کا فوری حل یقینی بنائیں۔