ٹریفک پولیس سیالکوٹ کا مدرسہ ام القریٰ میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدھ 16 جولائی 2025 19:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ٹریفک پولیس سیالکوٹ کے زیر اہتمام ٹریفک ایجوکیشن ونگ نے ڈی ایس پی ٹریفک سٹی مبشر قادر کی قیادت میں مدرسہ ام القریٰ میں ایک خصوصی ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔سیمینار کا مقصد طلباء میں ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی، محفوظ ڈرائیونگ اور سڑک پار کرنے کے درست طریقوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔

طلباء کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ڈی ایس پی مبشر قادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر شہری کا فرض ہے کیونکہ معاشرے میں نظم و ضبط اور سلامتی اسی صورت قائم رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں لاپرواہی، تیز رفتاری اور قوانین سے لاعلمی شامل ہیں جن پر تعلیم و شعور کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انچارج ٹریفک ایجوکیشن ونگ ڈاکٹر شفقت رسول نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر ہر فرد کو اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک پار کرتے وقت دائیں بائیں دیکھنا، زیبرا کراسنگ استعمال کرنا اور ٹریفک سگنلز کی پابندی کرنا ایک ذمہ دار شہری کی نشانی ہے۔ڈاکٹر شفقت رسول نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس آگاہی کو اپنے اہل خانہ اور دوستوں تک بھی پہنچائیں تاکہ ٹریفک قوانین کا شعور ہر فرد تک پہنچ سکے۔مدرسہ ام القریٰ کی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس سیالکوٹ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف طلباء میں نظم و ضبط پیدا کرتی ہیں بلکہ انہیں ایک با شعور شہری بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔