وزیراعلیٰ ِپنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ

بدھ 16 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ون کی 5643پراجیکٹ میں سے 2593پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں۔

لاہور میونسپل کارپوریشن کی 3705میں سے 2274منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ واسا لاہور کے 252میں سے 170منصوبے بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ اجلاس میں واسا پراجیکٹس سے منسلک 1573منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے نوتعمیر شدہ روڈز اور سٹریٹ کی بیوٹیفکیشن کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کی نومبر2025 میں تکمیل کا ہدف بھی دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ٹو میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاون کے 146ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ مریم نواز کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 189شہروں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹس پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں فیز ون کے تحت زیادہ خراب حالت والے گلی محلے اور علاقوں کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر66شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے 66شہروں میں واٹر ٹینک،ڈرین ڈسپوزل ا سٹیشن اور ٹرنک سیوریج وغیرہ بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کوئی شہر اب ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔پنجاب بھر کے 189شہروں کو لاہور کی طرز پر خوبصورت اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔