اسلام آباد ماڈل کالجز میں گیارہویں جماعت کے داخلے 18 جولائی سے شروع ہو ں گے

بدھ 16 جولائی 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے اسلام آباد ماڈل کالجز (شہری اور دیہی علاقہ جات ) میں گیارہویں جماعت (ایچ ایس ایس سی۔1) سیشن 26-2025 میں داخلے کے لئے رجسٹریشن فارم 18 جولائی سے جاری کئے جائیں گے۔ بدھ کو وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منتخب تعلیمی اداروں میں رجسٹریشن فارم کا اجراء 18 جولائی سے 25 جولائی تک کیا جائے گا جبکہ 31 جولائی کو پہلی میرٹ لسٹ آویزاں کی جائے گی۔

پہلی میرٹ لسٹ میں آنے والے طلباء 7 اگست 2025 ء تک اپنے متعلقہ کالجز میں فیس جمع کرا سکیں گے جبکہ دوسری میرٹ لسٹ 8 اگست کو جاری ہو گی۔ کلاسز کا آغاز12 اگست 2025ءسے ہو گا۔ وفاقی نظامت تعلیمات کے حکام کے مطابق داخلہ فارم کسی فیس کے بغیر متعلقہ کالج سے وصول کئے جاسکتے ہیں اور واپس کالج میں جمع کراسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے رہائشی اور راولپنڈی میں رہائش پذیر وفاقی حکومت کے ملازمین کے بچے داخلے کے اہل ہوں گے۔

سرکاری رہائش کی صورت میں مکان کی الاٹمنٹ، کرایہ کا معاہدہ، یوٹیلیٹی بل جمع کرانا ہو گا۔ درخواست دہندگان کی اہلیت کے معیار کا تعین وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کی طرف سے جاری کردہ منظور شدہ داخلہ پالیسی کے مطابق کیا جائے گا۔وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کو داخلہ کی مطلوبہ تعداد کے ساتھ مشروط کسی بھی مشتہر پروگرام کو شروع کرنے یا واپس لینے کا حق حاصل ہوگا۔مضامین کا مجموعہ پیش کرنے والے تمام کالجوں کی فہرست کا لج پراسپیکٹس ، داخلہ پالیسی اور داخلہ کے طریقہ کار سے متعلق تمام متعلقہ تفصیلات ایف ڈی ای کی ویب سائٹ http://www.fde.gov.pk پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :