موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری،قلعہ گجر سنگھ، باٹاپور، کاہنہ سے موٹر سائیکل چور گروہ گرفتار

بدھ 16 جولائی 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) قلعہ گجر سنگھ پولیس نے واردات کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔ قبرستان نزد جمعہ نعیمیہ کے قریب سے دو رکنی موٹر سائیکل چورگروہ گرفتارکر لیا۔گرفتار ملزمان میں شہرام اور شکیل شامل ہیں۔ سٹریٹ کرائم کی متعددوارداتوں میں ملزمان پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے 2 موٹر سائیکلیں،2 پسٹل، 6 عدد موبائل فون اور نقدی برآمدہوئی۔

علاوہ ازیں ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے شہریوں کے درینہ مسائل پر متعلقہ افسران کوقانونی کارروائی کیلئے احکامات جاری کئے۔باٹا پورپولیس نے ڈکیتی، چوری وسنیچنگ کے 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ 2 رکنی فیصل موٹر سائیکل چور گروہگرفتارکر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتارملزمان میں سرغنہ فیصل اور علی رضا شامل ہیں۔

ملزمان غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرارہوجاتے تھے۔ گرفتارملزمان کے قبضہ سے 05 موٹر سائیکلز، نقدی، موبائل فونز، 02 پستول اور گولیاں برآمدہوئیں۔علاوہ ازیں ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے اپنے دفتر میں آئے سائلین کے مسائل سنے۔ کھلی کچہری میں بزرگ،خواتین سمیت مردوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

قاضی علی رضا نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو میرٹ پر کارروائی کا حکم دیا۔چوکی صوئے آصل کاہنہ پولیس نے 2 رکنی موٹر سائیکل چور گروہ گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت اظہر اور وقاص کے ناموں سے ہوئی۔ گرفتار گروپ چوری وڈکیتی کی 38 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلے۔ ملزمان سے اقبال ٹان اور کاہنہ سے چوری ہونے والی 4 موٹر سائیکلیں،موبائلز، چھینی گئی نقدی اور پستول بھی برآمد ہوا۔

چوکی سگیاں شاہدرہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک موٹر سائیکل چور گروہ گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عبداللہ اور عاقب شامل ہیں۔ دورکنی گروہ راولپنڈی اور لاہور کے مختلف مقامات پر وارداتیں کرتا تھا۔ ملزمان کے قبضہ سے 3 موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اسی طرح شاہدرہ ٹاون پولیس 15پراقدام قتل کی جھوٹی کال میں ملوث 03 ملزمان گرفتار کر لیئے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو کال موصول ہوئی کہ ہمارے دوست کو دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی شاہدرہ ٹاون پولیس ہسپتال پہنچ گئی۔ ملزمان دوران تفتیش زیادہ دیر پولیس کو چکما نہ دے سکے۔ زخمی اکبر اور گرفتار ساتھی تینوں موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ مبشر نے پسٹل سے زمین پر کھڑے پانی میں فائرنگ کی۔ پسٹل میں پھنسی گولی اچانک چلی جس سے درمیان میں بیٹھا اکبر زخمی ہو گیا۔

گولی جیب میں رکھے موبائل کو کراس کر کے اکبر کے کولہے پر لگی۔ ملزمان پہلے زخمی کو گھر لے گئے خون بند نہ ہونے پر ہسپتال پہنچے اور جھوٹی کال کر دی۔ شاہدرہ ٹاون پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے پسٹل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ایس پی اقبال ٹاون ڈاکٹر محمد عمر کی روزانہ کی بنیاد پر اپنے آفس میں کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے۔ امروز بھی کھلی کچہری کے دوران ڈاکٹر محمد عمر نے عوام الناس کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔

ڈولفن سکواڈ نے داتادربار اور شیراکوٹ کے علاقوں سے مختلف جرائم کی نصف سینچری کرنیوالے پیشہ ور 2 ملزمان گرفتارکر لئے۔ گرفتار ملزمان مقیم 70، وقار 55 سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ڈولفن سکواڈ نے سٹاپ اینڈ سرچ، سنیپ چیکنگ کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان راہزنی گینگز کے سرغنہاور مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔