امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

جمعرات 17 جولائی 2025 10:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) امریکی ریاست الاسکا کے ساحلی علاقہ سینڈ پوائنٹ جسے پوپوف جزیرہ بھی کہا جاتا ہے میں 7.3 شدت کے زلزلے کےجھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ اے ایف پی کے مطاق امریکی جیولوجیکل سروےنے کہا ہے کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق گزشتہ روز تقریباً 12 بج کر 37 منٹ پر آیا جس کا مرکز جزیرہ کے قصبے سینڈ پوائنٹ سے تقریباً 54 میل (87 کلومیٹر) جنوب میں تھا جو 20.1 کلومیٹر کی نسبتاً کم گہرائی میں تھا۔

حکام نے زلزلے کے بعد جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے لئے سونامی وارننگ جاری کردی۔ الاسکا کے شہر پالمر میں قائم نیشنل سونامی وارننگ سینٹر (این ٹی ڈبلیو سی ) نے کہا کہ سونامی کی تصدیق ہو گئی ہے اور کچھ اثرات متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

مرکز نے کہا کہ جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا، بحر الکاہل کے ساحلی علاقوں کینیڈی انٹرینس سے اُونیمک پاس تک کے علاقوں کے لئے وارننگ جاری کی گئی ۔

این ٹی ڈبلیو سی نے کہا کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر، مزید دور کے علاقوں کے لئے سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ الاسکا زلزلہ کے لحاظ سے فعال پیسیفک رنگ آف فائر کا حصہ ہے۔ الاسکا میں مارچ 1964 میں 9.2 شدت کا زلزلہ آیا جو شمالی امریکا میں اب تک کا سب سے شدید زلزلہ تھا۔اس زلزلے اور سونامی سے 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جولائی 2023 میں جزیرہ نما الاسکا کے ساحل کے قریب 7.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا تاہم یہ کسی بڑے نقصان کا باعث نہیں بنا تھا۔