مصر نے جنوبی غزہ میں خیموں کا شہر بنانے کی تجویز ایک بار پھر مسترد کر دی

جمعرات 17 جولائی 2025 12:32

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)مصر نے جنوبی غزہ میں خیموں کا شہر بنانے اور فلسطینی علاقوں میں کسی بھی قسم کی آبادیاتی تبدیلی کی تمام تجاویز کو ایک بار پھر مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ موقف مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی اور امریکی صدر کے مشرقِ وسطی کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو ویٹکوف کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سامنے آیا۔

(جاری ہے)

گفتگو میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری شدید سفارتی کوششوں اور اس جنگ بندی کو پائے دار بنانے پر بھی بات ہوئی۔ دونوں فریقوں نے قیدیوں کے تبادلے کے بدلے جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ اور موثر فراہمی کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر موجودہ سنگین انسانی حالات کے پیشِ نظر۔وزیر خارجہ عبد العاطی نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد فوری بحالی اور تعمیر نو کے لیے مصر میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی مصری تجویز بھی پیش کی، جو کہ عرب و اسلامی منصوبے کے تحت اس عمل کو مثر انداز میں شروع کرنے کا ذریعہ بنے گی۔