ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ کے زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 17 جولائی 2025 20:05

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے نیلم میں امن و امان کی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور نیلم بھر میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں بارشوں اور شدید موسمی صورتحال کے دوران سیاحوں اور عوام کو درپیش مسائل کو باہمی تعاون سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ نیلم میں سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں گے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو 100 فی صد یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے فوری ضروری اقدامات کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بالائی نیلم کے بازاروں شاردہ، کیل اور اڑنگ کیل میں سیوریج کے نظام اور واش روم کا انتظام ناگزیر ہے۔اجلاس میں سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے سڑکات اور پلوں کی بہتری کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا اور متعلقہ محکمہ جات کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں،ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کیلئے مکانیت اور سٹاف کی کمی کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بازاروں میں آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے احکامات جاری کیے۔اجلاس میں واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل اور موبائل سروس کی بہتری پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان میں فتنہ الخوارج سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید رب نواز کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔