چینی وفد کا قائداعظم بزنس پارک کا دورہ، گارمنٹ سٹی میں سرمایہ کاری کا عندیہ

صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین کے ہمراہ چینی کمپنی کے سی ای او کی قائداعظم بزنس پارک آمد

جمعرات 17 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی ''سپریم انٹیلیجنٹ ٹیکنالوجی'' کے وفد کے ہمراہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت کمپنی کے سی ای او مسٹر لیو کیان کر رہے تھے، جبکہ کمپنی کے دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے صنعتی انفراسٹرکچر اور گارمنٹ سٹی پر جاری پیش رفت کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی۔

سی ای او پیڈمک کیپٹن (ر) شعیب علی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے وفد کے ہمراہ گارمنٹ سٹی میں زیر تعمیر صنعتی یونٹس اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا معائنہ کیا، جہاں سٹیچنگ یونٹس اور سٹیچنگ کی جدید تربیت کی سہولیات کا مشاہدہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز صوبے کی معاشی ترقی کے انجن ہیں اور ان زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم ہونے والا گارمنٹ سٹی ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا، جہاں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور جدید ٹیکنالوجی منتقل کی جائے گی۔گارمنٹ سٹی سولر انرجی پر مشتمل ایک پلگ اینڈ پلے ماڈل کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جہاں حکومت صنعتی یونٹس کے لیے عمارتیں تعمیر کر کے کرائے پر فراہم کرے گی۔

ملکی سرمایہ کار بھی یہاں کارخانے قائم کر رہے ہیں جس سے مقامی افراد کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ٹیونا کے زیر اہتمام گارمنٹ سٹی میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جا رہا ہے جہاں طالبات کو سٹیچنگ کے تین ماہ کے کورسز کروائے جا رہے ہیں، اور تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو ملازمت کی ضمانت بھی دی جا رہی ہے۔

اُن کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے قائداعظم بزنس پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔ چینی کمپنی کے سی ای او نے قائداعظم بزنس پارک اور گارمنٹ سٹی کے انفراسٹرکچر کی تعریف کی اور اپنے گارمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے گارمنٹ سٹی میں سرمایہ کاری اور یونٹس لگانے میں دلچسپی کا عندیہ بھی دیا۔