Live Updates

معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پشاور

جمعرات 17 جولائی 2025 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں کے عوامی نمائندہ اراکین اور پی ٹی آئی حلقہ پی کے 70 کے کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی جن میں صفائی کی ناقص صورتحال، سکولوں کی عمارات کی کمی، پرانی اور خطرناک بجلی کی تاریں، فیڈر کی عدم دستیابی، سولر سسٹم کی ضرورت، پانی کی قلت، نکاسی آب کے مسائل اور خواتین کے لیے فنی تربیتی مراکز کی ضرورت جیسے اہم مسائل شامل تھے۔

معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26کی نئی اے ڈی پی کے منصوبوں میں ان سکیموں کو شامل کر لیا گیا ہے اور جلد عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے۔پی کے 70 کے کارکنان اور ضلع خیبر کے نمائندوں نے معاونِ خصوصی کی جانب سے ان کے مسائل توجہ سے سننے پران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائی اور ملک گیر احتجاجی تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات