اسلام آباد چیمبر آف کامرس جلد اسلام آباد میں جدید ترین نمائشی مرکز قائم کرے گا، ناصر منصور قریشی

جمعرات 17 جولائی 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اعلان کیا کہ چیمبر جلد جدید ترین نمائشی مرکز قائم کرے گا جو وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ مجوزہ جدید نمائشی مرکز کو وفاقی دارالحکومت کی ضرورت سمجھا جاتا ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، یہ سہولت صنعت کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گی جس سے کاروبار کی ترقی اور تجارتی سہولت میں اضافہ ہوگا۔

جمعرات کو ایک انٹرویو میں آئی سی سی آئی کے صدر نے اس سال ستمبر میں اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی نمائش کی میزبانی کے منصوبے کا بھی انکشاف کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم پروگرام کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے تندہی سے کام کر رہے ہیں۔صدر ناصر منصور قریشی نے چیمبر کو ای کامرس اور آٹومیشن کے دور میں لانے کے لیے اپنی ٹیم کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات پر روشنی بھی ڈالی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جدید خطوط پر آئی سی سی آئی کی صلاحیت کو بڑھانا ایک اہم مقصد ہے۔ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے ایسی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا جو پائیدار معیشت کو یقینی بنانے کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروبار کرنے کی لاگت کوکم کریں۔ انہوں نے حکومت سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ رابطے میں رہنے پر زور دیا۔

انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی میں نجی شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت کو نجی شعبے کو مواقع فراہم کرنے چاہئیں، کاروباری برادری ملکی معیشت میں کلیدی سٹیک ہولڈر ہے اور صنعتیں روزگار پیدا کرتی ہیں، قومی معیشت کو ترقی دیتی ہیں، اس لیے انہیں ڈرانے کی بجائے سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔