کیمیائی تجزیے کے دوران حمیرا اصغر کوزہر دئیے جانے کے شواہد نہیں پائے گئے، اداکارہ کی لاش سے لئے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹس آ گئیں

قومی امکان ہے کہ ان کی موت طبعی ہوئی ہے،کیمیکل ایگزامن کے دوران فلیٹ میں کسی اورکی موجودگی کے شواہد نہیں ملے، حمیرا اصغر کی لاش سے 9 سیمپلز جامعہ کراچی کی فارنزک لیب بھیجے گئے تھے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 11:03

کیمیائی تجزیے کے دوران حمیرا اصغر کوزہر دئیے جانے کے شواہد نہیں پائے ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)کیمیائی تجزیے کے دوران حمیرا اصغر کوزہر دئیے جانے کے شواہد نہیں پائے گئے،کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ پائی جانے والی اداکارہ کی لاش سے لئے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹس آ گئیں، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قومی امکان ہے کہ ان کی موت طبعی ہوئی ہے،تجزئیے کے دوران زہر دئیے جانے کے شواہد نہیں پائے گئے، کیمیکل ایگزامن کے دوران فلیٹ میں کسی اورکی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔

حکام کے مطابق حمیرا اصغر کی لاش سے 9 سیمپلز جامعہ کراچی کی فارنزک لیب بھیجے گئے تھے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کے ڈی این اے سیمپلز کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ایم ایل او کی جانب سے کل موت کی وجہ باضابطہ طور پر بتائی جائے گی۔

(جاری ہے)

کیمیائی تجزیئے کے دوران منشیات کے استعمال یا زہر دینے کے شواہد نہیں پائے گئے۔

تفتیشی حکام کے مطابق فلیٹ سے ملنے والی لاش حمیرا اصغر کی ہی تھی، بھائی کاڈی این اے میچ کرگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر نے آخری مرتبہ8مئی2023 کو یو ایای کا سفر کیا، حمیرا 23 جنوری 2023 کو بیرون ملک گئی اور یکم فروری کو واپس پہنچی۔ اداکارہ نے  29اکتوبر 2021کو مسقط کا سفر کیا۔4نومبر کو واپس کراچی پہنچی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روزکراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرہ اصغر کی موت کے معاملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی حکام نے اداکارہ کی سابقہ گھریلو ملازمہ، بلڈنگ انتظامیہ اور چوکیدار شامل تفتیش کرلیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق یہ تمام لوگ اکتوبر 2024 تک حمیرا اصغر سے رابطے میں تھے۔ اداکارہ کی ملازمہ 2024 میں ملازمت چھوڑ کے جاچکی تھی۔تفتیشی حکام کا یہ بھی بتانا تھا کہ فلیٹ کے باہر اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے۔تفتیشی حکام کے مطابق اسی لئے بلڈنگ کی انتظامیہ، چوکیدار اور اداکارہ کی سابقہ گھریلو ملازمہ کو شامل تفتیش کیا گیا تھا تاکہ ان افراد سے تفتیش کی جاسکے۔

تفتیشی حکام کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ کی چابیاں تحویل میں لے لی گئیں تھیں۔ فلیٹ کے مرکزی دروازے کی 3 چابیاں فلیٹ کے اندر سے ملی تھیں۔تفتیشی حکام کے مطابق لگتا ہے حمیرا اصغر مالی طور پر پریشان تھیں، انہوں نے ستمبر 2024 میں آخری کمرشل شوٹ کیا تھا وہ کام سے متعلق اکتوبر 2024 میں لوگوں سے رابطے میں تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات میں پولیس کو گھر سے اہم شواہد مل گئے تھے جس میں بتایا گیا اداکارہ کی موت کب ہوئی تھی۔ تفتیشی پولیس کا کہنا تھا کہ فلیٹ سے یوٹیلیٹی بلز اور گھر کے کرائے کی سلپ مئی 2024 تک کی ملی تھیں۔