سیالکوٹ پولیس کے ساتھ مڈ بھیڑ میں 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 18 جولائی 2025 11:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سیایکوٹ پولیس کے ساتھ مڈ بھیڑ میں 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ صدر کے علاقے لدھڑ چوک میں پولیس ناکے پر موجود ٹیم نے مشکوک موٹر سائیکل سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جو رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس ٹیم نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی اور فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر اور دیگر پولیس نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، دورانِ سرچ آپریشن دو ملزمان کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن کے قریب ایک موٹر سائیکل اور دو 30 بور پستول بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جوکہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کی شناخت بلال احمد اور محمد اعظم کے ناموں سے ہوئی ہے جو ڈکیتی و راہزنی، قتل اور اقدامِ قتل جیسے بیسیوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ایک ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش و گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی فوری اور موثر حکمت عملی سے ایک ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔