Live Updates

پاک بنگلا دیش سیریز ، بارش کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خطرہ منڈلانے لگا

پاکستانی ٹیم جعمہ کے روز ٹریننگ کا آغاز کرے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جولائی 2025 11:44

پاک بنگلا دیش سیریز ، بارش کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خطرہ منڈلانے لگا
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جولائی 2025ء ) پاک بنگلا دیش سیریز میں بارش کے رنگ میں بھنگ ڈالنے کا خطرہ منڈلانے لگا۔ 
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے جس کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، پاکستان ٹیم بدھ کے روز ہی میزبان شہر ڈھاکا میں ڈیرے ڈال چکی ہے جبکہ اس نے جمعرات کے روز مکمل آرام کیا، جعمہ کے روز گرین شرٹس ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔

 
دوسری جانب بنگلا دیشی ٹیم نے سری لنکا کو اس کے ملک میں ٹی 20 سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر اپنا اعتماد بلند کرلیا ہے تاہم کپتان لٹن داس اپنا ہوم گراؤنڈ ہونے کے باوجود پاکستان کو آسان نہیں سمجھتے بلکہ انہوں نے آنے والی سیریز کو انتہائی چیلنجنگ قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

 

میڈیا سے بات چیت میں لٹن داس کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ویسٹ انڈیز کو اس کے ملک اور اب سری لنکا کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر زیر کیا ہے، یہ دونوں سیریز فتوحات بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہیں مگر اب ہمارا پاکستان سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر مقابلہ ہے۔

 
انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو میرپور میں تو بالکل بھی آسان خیال نہیں کرتے، ان کے پاس بہترین بولنگ اٹیک موجود ہے اور وہ ہماری کنڈیشنز سے بھی اچھی طرح آشنا ہیں۔ 
لٹن داس نے کہا کہ پاکستان کے اکثر کھلاڑی بنگلا دیش پریمیئر لیگ کی وجہ سے یہاں پر میچز کھیل چکے ہیں، اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم نے اسمارٹ کرکٹ کھیلی تو آنے والی سیریز بھی جیت سکتے ہیں۔

 
لٹن داس نے بھی پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران پچ کے برتاؤ کے حوالے سے غیریقینی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ میرپور کی وکٹ پاکستان سے سیریز میں کس طرح کی ثابت ہوگی، میرے خال میں ڈھاکا میں ہرروز بارش ہورہی ہے، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ایسے موسم میں وکٹ بیٹنگ کیلیے کافی دشوار ہوسکتی ہے۔ 
یاد رہے کہ بنگلا دیش نے بدھ کے روز کولمبو میں سری لنکا کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار آئی لینڈ میں سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا تھا، اس فتح میں مہدی حسن کی عمدہ بولنگ نے اہم کردار ادا کیا، اس کے ساتھ لٹن داس کو بھی ملک سے باہر بنگلا دیش کو 2 سیریز جتوانے والے کپتان کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا، اس سے قبل گذشتہ برس دسمبر میں ان کی قیادت میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز میں 0-3 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔

 
بنگال ٹائیگرز کی سری لنکا سے جمعرات کو وطن واپسی ہوئی، کھلاڑی جمعہ کو آرام کریں گے جبکہ آنے والی سیریز کیلیے انہیں ہفتے کے پریکٹس کا موقع میسر آئے گا۔ 
بنگلہ دیش نے پاکستان سے سیریز کیلیے سری لنکا کے خلاف کامیابی سمیٹنے والے اسکواڈ کو ہی برقرار رکھا ہے۔ اسکواڈ میں کپتان لٹن داس، تنزید حسن، پرویز حسین، محمد نائم، توحید ہریدوئے، جاکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن میراز، رشد حسین، مہدی حسن، نوسم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شریف الاسلام، تنظیم حسن ثاقب اور محمد سیف الدین شامل ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات