پیروٹڈ گلینڈ کے پیچیدہ ٹیومرز کی بروقت تشخیص نہ ہو تو چہرے کے اعصاب مستقل طور پر مفلوج ہو سکتے ہیں، ماہرین کا انتباہ

جمعہ 18 جولائی 2025 13:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)ماہرین طب نے خبردار کیا ہے کہ پیروٹڈ گلینڈ (لعاب دہی غدود)میں پیدا ہونے والے پیچیدہ ٹیومرز، اگر بروقت تشخیص اور درست سرجری کے بغیر چھوڑ دیے جائیں، تو یہ نہ صرف چہرے کے اعصاب کو ناقابلِ واپسی نقصان پہنچا سکتے ہیں بلکہ مریض کی زندگی کو خطرے میں بھی ڈال سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام منعقدہ "پیروٹڈ گلینڈ ڈیزیزز ڈی" کے موقع پر کیا گیا، جو ڈائریکٹوریٹ آف گلوبل انگیجمنٹ اور سول اسپتال کراچی کے شعبہ ای این ٹی کے اشتراک سے ڈائومیڈیکل کالج میں منعقد ہوا۔

تقریب کا مقصد ای این ٹی، جنرل سرجری، فیشیو میکسلیری سرجری اور بی ڈی ایس کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں میں پیروٹڈ گلینڈ سے متعلق بیماریوں، خاص طور پر پیچیدہ اور مہلک ٹیومرز کی تشخیص اور علاج کے جدید طریقوں پر آگہی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

دو کلیدی لیکچرز "پیروٹڈ گلینڈ ٹیومرز کی تشخیص" اور "پیروٹڈ گلینڈ سرجری کے پیچیدہ مراحل" کے عنوانات سے پیش کیے گئے، جن میں ماہرین نے تشخیصی چیلنجز، سرجری کے دوران درپیش خطرات اور مریضوں کو لاحق ممکنہ پیچیدگیوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔

تحقیقی پوسٹرز کی نمائش بھی پروگرام کا اہم جزو رہی، جن میں سے کئی کیسز صرف چھ ماہ کے اندر جمع کیے گئے، جو تحقیقی صلاحیت اور ڈیٹا کلیکشن کی اعلی مثال تھی۔آغا خان یونیورسٹی سمیت مختلف اداروں کے پوسٹرز بھی شامل کیے گئے، جب کہ ای این ٹی یونٹ-I، سول اسپتال کے پوسٹ گریجویٹس کے دو پوسٹرز کو بہترین قرار دیا گیا۔تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈائو یونیورسٹی پروفیسر جہاں آرا حسن نے کی۔

دیگر معزز مہمانوں میں پرنسپل ڈائو میڈیکل کالج پروفیسر صبا سہیل، ڈائریکٹر پی ڈی سی ڈاکٹر فرجاد سلطان، ممتاز ای این ٹی ماہرین پروفیسر عمر فاروق، پروفیسر شاہین ملک، پروفیسر مرتضی احسن، اور بین الاقوامی مہمان فیکلٹی ڈاکٹر شادابہ احمد (برطانیہ)شامل تھیں۔پروگرام کی نظامت شعبہ ای این ٹی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر زیبا احمد نے کی، جب کہ کوآرڈینیشن کی ذمہ داری ڈاکٹر تحمینہ جنید نے ادا کی۔

ڈائریکٹوریٹ آف گلوبل انگیجمنٹ نے انتظامی تعاون فراہم کیا۔ماہرین نے کہا کہ ایسی تقاریب نہ صرف تربیتی مواقع فراہم کرتی ہیں بلکہ طبی تحقیق اور اشتراک کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔ "پیروٹڈ گلینڈ ڈیزیزز ڈی" ڈا یونیورسٹی کی تعلیم، تحقیق اور کمیونٹی سروس کے عزم کی عملی تصویر بن کر ابھرا، جو بہتر مریضوں کی نگہداشت کے لیے ادارے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے