ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ریفارمز فرحت حسین فاروق کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کمپلیکس آمد اور مختلف سکولوں کا دورہ

جمعہ 18 جولائی 2025 15:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سیالکوٹ ۔ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ریفارمز فرحت حسین فاروق کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کمپلیکس آمد پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن مجاہد حسین علوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ریفارمز نے مختلف سرکاری سکولز کا دورہِ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکولز میں بہتری بارے فوری اقدامات کی ہدایات کیں اور کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد جاری تعلیمی منصوبوں سکول انفراسٹرکچر اور سکول کونسل کی فعالیت کا جائزہ لینا تھا تا کہ اصلاحات کو عملی سطح پر موثر بنایا جا سکے انہوں نے سکولوں کی خطر ناک اور خستہ حال عمارتوں آئی ٹی لیز میں در کار اپ گریڈیشن فرنیچر کی کمی و مرمت اور ہیڈ ٹیچرز کی کار کردگی کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور دورے کے دوران سکول مینجمنٹ کونسلز کی کارکردگی کو بھی جانچا گیاتا که مقامی سطح پر شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ سکولوں میں موجود چیلنجز اور بہتری کے مواقع کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی جاری ہیں تاکہ فوری طور پر تعلیمی اداروں کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو افیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مجاہد حسین علوی نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن،صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی راہنمائی میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ سکولوں کو محفوظ باوقار اور معیاری ادارے بنانے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری آئی ٹی سہولیات فرنیچر کی فراہمی اور سکول کونسل کی فعالیت پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس دورے کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زمینی حقائق کی روشنی میں اصلاحات کو مزید موثر بنایا جا سکے گا اور ضلع کو پنجاب میں نمایاں مقام حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری ایجوکیشن ریفارمز کے دورے کا مقصد تعلیمی نظام کیلئے اقدامات کا معائنہ کرنا اور اصلاحات کو موثر بنانا تھا ۔