وائس چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کا ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کا دورہ

جمعہ 18 جولائی 2025 16:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اکیڈمیا اور زرعی تحقیق کے اداروں کے مابین باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کے لئے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کا دورہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار اب بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹیز کے سکالرز، طلبا اور زرعی تحقیقاتی اداروں کی مشترکہ تحقیق سے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ اس تحقیق کے بروقت نتائج فیلڈ میں کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچ کر کاشتکاروں کی زرعی آمدن کے ساتھ ساتھ پاکستانی معیشت کی بہتری بھی ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملاقات کے دوران زراعت کے شعبے میں جدت لانے،زرعی تحقیق کی جامع حکمت عملی مرتب کرنے،نئے پراجیکٹس شروع کرنے اور انٹرن شپ پروگرامز کو مزید موثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف سائینٹسٹ ایگریکلچرپنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اور ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے درمیان شراکت داری سے فصلوں کی نئی اقسام متعارف کروانے کے ساتھ کیڑے مار ادویات کے محفوظ استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ اس موقع پر چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم ڈاکٹر جاوید احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ اکیڈمیا اور زرعی تحقیق کے اداروں کے مابین باہمی تعاون سے صوبہ پنجاب کی زرعی ترقی، کاشتکاروں کی خوشحالی اور ملکی فوڈ سیکیورٹی کا حصول بھی ممکن ہوگا۔ دورہ کے اختتام پر معزز مہمان کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔