غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت سرگرم، جامع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی تیاری پر اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس

جمعہ 18 جولائی 2025 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دوست ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کی، جس میں ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات اور قابلِ عمل منصوبہ جات پر غور کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں توانائی، انفراسٹرکچر اور نجکاری کے شعبوں میں باہمی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور ابتدائی منصوبہ جات کی ایک فہرست بھی پیش کی گئی، جسے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قابلِ عمل سرمایہ کاری مواقع کی نشان دہی کریں اور انہیں عملی شکل دینے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، وزیرِاعظم کے مشیر طارق باجوہ، چیئرمین واپڈا، متعلقہ وفاقی \ سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

شرکائ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کر کے عالمی برادری کو عملی طور پر شراکت داری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔