مکران میڈیکل کالج کے 40 کنٹریکٹ ملازمین 15 سال بعد بھی مستقل ہونے کے منتظر

جمعہ 18 جولائی 2025 23:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ مکران میڈیکل کالج کے 40 کنٹریکٹ ملازمین گزشتہ پندرہ (15) سالوں سے میڈیکل کالج مکران میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن آج تک ان کی ملازمت کو مستقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ان محنت کش کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ کھلی ناانصافی اور استحصالی رویے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں تقریبا 400 افراد کو مختلف آسامیوں پر تعینات کیا گیا، مگر ان کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنا گوارا نہ کیا گیا۔ اب ایک بار پھر کالج کے پرنسپل کی جانب سے 71 نئی آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں، جن پر نئی بھرتیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ پرانے اور تجربہ کار کنٹریکٹ ملازمین کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ایک جانب حکومت بلوچستان مختلف محکموں میں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر رہی ہے، اور دوسری جانب مکران میڈیکل کالج میں ان پسماندہ ملازمین کو ان کا حق دینے کے بجائے بار بار نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 15 سالوں کی مسلسل خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے انہیں مستقل کیا جائے، اور ان نئی آسامیوں پر ترجیح بنیاد پر ان ملازمین کی تعیناتیاں کی جائیں اور انصاف فراہم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :