پوٹھوہار ریجن میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشنز کئے گئے، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب

جمعہ 18 جولائی 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی نے بتایا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث ایمرجنسی نافذ کی گئی، جہاں ریسکیو آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوانوں نے بھی بھرپور حصہ لیا. جہلم میں 398 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 174 کو ضلعی انتظامیہ، 64 کو فوجی اہلکاروں اور 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 209 افراد سیلابی پانی میں پھنس گئے، جنہیں بحفاظت نکالا گیا، جن میں سے 27 شہریوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ راولپنڈی میں 450 افراد کو ضلعی انتظامیہ نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔عرفان علی نے خبردار کیا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں .

متعلقہ عنوان :