ایف ٹی اوکے زیر اہتمام ''انصاف کی بروقت فراہمی میں میڈیا کا کردار'' کے موضوع پر آگاہی نشست کا اہتمام

جمعہ 18 جولائی 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) ریجنل آفس لاہور کے زیر اہتمام ''انصاف کی بروقت فراہمی میں میڈیا کا کردار'' کے موضوع پر سینئر کالم نگاروں کے ساتھ خصوصی آگاہی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل اور وفاقی ٹیکس محتسب کی بطور ادارہ ان کیلئے کے لئے خدمات کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذرائع ابلاغ کی شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ میڈیا ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب عبدالباسط خان نے شرکاء کو ادارے کی کارکردگی اور خدمات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محتسب اعلی ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی قیادت میں ادارے نے گزشتہ چار سال کے دوران ریکارڈ اہداف حاصل کیے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ایف بی آر نے محض چھ ماہ میں 12 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے۔

انہوں نے کہاکہ رواں سال جنوری سے جون کے دوران ادارے کو 15,284 نئی شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 5,536 شکایات کو غیر رسمی طریقے سے حل کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 20,917 کیسز کا ازالہ کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدور کاشف انور اور منظور ملک نے کاروباری طبقے کو درپیش ٹیکس سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالی۔ ڈی جی پیمرا اکرام برکت نے متوازن ٹیکس نظام، قوانین کے موثر نفاذ اور عوامی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔

سینئر صحافیوں مجیب الرحمن شامی، میاں حبیب، اشرف سہیل اور دیگر نے وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ کارکردگی کو سراہا اور اس ادارے کو ٹیکس دہندگان کے مسائل کے حل کیلئے باعث رحمت ادارہ قرار دیتے ہوئے تاجروں کے مسائل متعلقہ فورم کے سامنے اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔