پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ لورالائی کی جانب سے پاپولیشن ورلڈ ڈے کی مناسبت سے میونسپل کمیٹی ہال لورالائی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 18 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ لورالائی کی جانب سے پاپولیشن ورلڈ ڈے کی مناسبت سے میونسپل کمیٹی ہال لورالائی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی ڈاکٹر زرینہ تھیں ، اس موقع پر ڈاکٹر نسرین گل ڈاکٹر امجد ڈاکٹر روبینہ ڈاکٹر کیترین جلال و دیگر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 11 جولائی کو دنیا بھر میں عالمی یوم آبادی منایا جاتا ہے تاکہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے اثرات سے متعلق آگاہی پھیلائی جا سکے۔

اس دن کا مقصد لوگوں کو یہ سمجھانا ہے کہ ایک متو از ن اور منصوبہ بند خاندان کس طرح فرد، خاندان اور معاشرے کی خوشحالی میں کردار ادا کرتا ہے۔’’بچے کم، خوشحال گھرانہ‘‘ نہ صرف ایک نعرہ ہے بلکہ ایک حقیقت ہے۔

(جاری ہے)

جب خاندان چھوٹے اور منظم ہوتے ہیں تو:ـ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت ممکن ہوتی ہے ، ماں باپ پر مالی بوجھ کم ہوتا ہے، صحت کی سہولیات بہتر انداز میں دی جا سکتی ہیں ، معیارِ زندگی بہتر ہوتا ہے ایک متوازن خاندان افراد کو بہتر زندگی گزارنے، اپنے خواب پورے کرنے اور معاشرتی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا موقع دیتا ہے۔

لہٰذا ضروری ہے کہ ہم آبادی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور شعور اجاگر کریں تاکہ ہر گھر خوشحال اور ہر فرد کامیاب ہو۔ سیمینار میں علماء کرام سول سوسائٹی کے افراد میڈیا کے نمائندے مختلف مکاتب فکر آور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی آخر میں ڈاکٹر نسرین گل نے اردو انگریزی تقریر کرنے والی طالبات اور ٹیبلو پیش کرنے والے بچے اور بچیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور بہترین پروگرام ترتیب دینے پر پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے اکاؤنٹنٹ عبداللہ جان اتمانخیل اور انتظامیہ کو شاباش دی۔