پاکستانی ڈاکٹرز نے جگر، گردوں اور لبلبہ کی پیوندکاری میں بین الاقوامی معیار کی مہارتیں حاصل کرلیں

پیر 22 ستمبر 2025 12:10

پاکستانی ڈاکٹرز نے جگر، گردوں اور لبلبہ کی پیوندکاری میں بین الاقوامی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) پاکستانی ڈاکٹرزنے جگر، گردوں اور لبلبہ کی پیوندکاری میں بین الاقوامی معیار کی مہارتیں حاصل کر لی ہیں اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کو اس بارے میں آگاہی دیں تاکہ انہیں اس سلسلہ میں انڈیا، چین اور دوسرے ممالک میں نہ جانا پڑے۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی ایک ٹیم کے دورہ چیمبر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اس سلسلہ میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کی خدمات اور سروسز کے بارے میں مقامی بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے بھر پور مہم چلائیں گے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ یہ جدید سہولیات اب پاکستان میں ہی دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر پیوندکاری سے نہ صرف مریضوں کو آسانی ہو گی بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بھی بچے گا۔

اس موقع پر سی ایم او،جنرل منیجرمارکیٹنگ آپریشنزطارق زمان نے پی کے ایل آئی میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ان کے ادارے کو پیوندکاری کے حوالے سے ملک کے نمبرون ہسپتال کے طور پر پہنچانا جاتا ہے۔ انہوں نے پی کے ایل آئی کو ہارورڈ کے معیار کا ہسپتال قرار دیا جہاں پیوندکاری کی سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ اس شعبہ میں جدید ریسرچ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، ایگزیکٹو ممبران فاروق یوسف، حاجی محمد عطااللہ، مرزا زاہد اقبال اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔