Live Updates

ماہرین کی کڑی وارننگ،تمباکو کی غیر قانونی تجارت سے قومی خزانہ کھوکھلا، سالانہ 300ارب کا نقصان

غیر قانونی اسگریٹ فروخت کرنے والے ریٹیلرز پر بھاری جرمانے اور دوکانیں سیل کی جائیں،ماہرین کی تجویز

اتوار 21 ستمبر 2025 19:45

ماہرین کی کڑی وارننگ،تمباکو کی غیر قانونی تجارت سے قومی خزانہ کھوکھلا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)ماہرین معیشت نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں جعلی، غیر قانونی اور سمگل شدہ سگریٹ کی فروخت قومی معیشت کے لئے خطرے کی گھنٹی بن چکی ہے، جس سے قومی خزانے کو ہر سال بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف تمباکو کے شعبے میں غیر قانونی تجارت کے باعث پاکستان کو سالانہ 300سے 325ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جو صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو براہ راست متاثر کر رہا ہے۔

اس صورتحال میں تمباکو کی صنعت سے وابستہ حلقوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ریٹیل اور ڈسٹری بیوشن سطح پر ہدفی نفاذی اقدامات کئے جائیں تاکہ غیر قانونی سگریٹ کے بڑھتے ہوئے سیلاب کو روکا جا سکے۔ صنعت کے نمائندوں کے مطابق غیر قانونی سگریٹ اب پاکستان کی مارکیٹ کا 57فیصد سے زیادہ حصہ بن چکے ہیں، جس سے ایک غیر مساوی میدان پیدا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس غیر قانونی کاروبار نے نہ صرف قومی خزانے کو کھوکھلا کر دیا ہے بلکہ قانون کی پاسداری کرنے والے مینوفیکچررز کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے اور قانونی صنعت کی ساکھ کو کمزور کر دیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ غیر قانونی اسگریٹ فروخت کرنے والے ریٹیلرز پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں اور بار بار خلاف ورزی پر دکانیں سیل کر دی جائیں۔ ساتھ ہی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر مکمل عملدرآمد، غیر اسٹیمپ شدہ پیکٹس کے خلاف کریک ڈان اور سرحدوں پر سخت نگرانی کے ذریعے اسمگلنگ کو جڑ سے ختم کیا جائے۔ ماہرین نے کہا کہ محض قوانین بنانا کافی نہیں ہوگا، اس پر یکسوئی اور مربوط انداز میں عملدرآمد کرنا ہوگا تاکہ خاطر خواہ نتائج برآمد ہو سکیں۔

ماہرین نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے فوری اور سخت اقدامات نہ کئے تو غیر قانونی سگریٹ مافیا مزید طاقتور ہو جائے گا اور قومی معیشت کو پہنچنے والا نقصان ناقابل تلافی حد تک بڑھ جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست اس ناسور پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کرے، ورنہ قومی خزانے کی بربادی اور قانونی کاروبار کی تباہی کو روکنا ناممکن ہو جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات