جناح اسپتال میں مریضوں کو زائد المعیاد وائلز دینے کا انکشاف

انتظامیہ نے لیب سے تین سال پرانی زائد المعیاد وائلز برآمد کرلیں،ذرائع

اتوار 21 ستمبر 2025 19:15

جناح اسپتال میں مریضوں کو زائد المعیاد وائلز دینے کا انکشاف
 لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء) جناح اسپتال میں بلڈ کلچر وائلز زائد المعیاد نکلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مریضوں کی شکایات پر اسپتال انتظامیہ نے لیب کا اچانک دورہ کیا، جس دوران پیتھالوجی لیب سے زائد المعیاد وائلز برآمد کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

انکشاف ہوا کہ 2022 میں ایکسپائر ہونے والی وائلز پر 2025 کی ایکسپائری کے اسٹیکرز چسپاں کیے گئے تھے اور یہ وائلز مریضوں کو فراہم کی جاتی رہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ تین سال سے زائد المعیاد بلڈ کلچر وائلز اسپتال میں استعمال ہوتی رہی ہیں، جبکہ لیب میں روزانہ 100 سے زائد بلڈ کلچر ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کا کہنا ہے کہ زائد المعیاد وائلز فراہم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ ان کے استعمال سے مریضوں کی غلط تشخیص ہوئی۔