فیلڈ مارشل کی ہدایات پر بلوچستان میں منشیات کیخلاف فیصلہ کن مہم کا آغاز، پیداوار اور ترسیل میں ملوث نیٹ ورکس پکڑے گئے

پیر 22 ستمبر 2025 12:00

فیلڈ مارشل کی ہدایات پر بلوچستان میں منشیات کیخلاف فیصلہ کن مہم کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واضح ہدایات پر بلوچستان میں منشیات کیخلاف فیصلہ کن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور مقامی اداروں نے پوست کی کاشت اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لیے بڑی مہم کا آغاز کر دیا۔یہ مہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی براہِ راست ہدایات کے تحت جاری ہے۔

اس مہم کا مقصد بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنا اور اس ناسور کا مستقل طور پر خاتمہ کرنا ہے۔منظم کارروائیوں کے دوران کئی علاقوں میں پوست کی فصلوں کو تلف کیا گیا ہے۔منشیات کی پیداوار اور ترسیل میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

منشیات کے نیٹ ورکس اور دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ کو مکمل ناکام کرنے کیلئے متبادل روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

روز گار کے متبادل ذرائع فراہم کر کے مقامی لوگوں کو دوبارہ منشیات کی کاشت سے روکا جائے گا۔ منشیات ، جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے مؤثر اور پائیدار حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔یہ گٹھ جوڑ ہی اس تمام نیٹ ورک کو طاقت فراہم کرتا ہے۔منشیات کے خلاف جنگ ایک قومی ذمہ داری ہے۔اس جنگ میں حکومت، سکیورٹی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔