ضلعی انتظامیہ کا متوقع شدید بارشوں کے پیش نظرحفاظتی اقدامات کے تحت خستہ حال عمارتوں میں مقیم افراد کو فوری طور پرعمارتیں خالی کرکا الٹی میٹم

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے خستہ حال عمارتوں میں مقیم افراد کو فوری طور پر عمارتیں خالی کرنے کا الٹی میٹم جاری کر دیا ہے۔ تاندلیانوالہ کے راوی بیلٹ سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت بھی کردی گئی ہے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر سرپرستی مون سون ایمرجنسی پلان کو ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ کی زیر صدارت اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سٹی، صدر، تاندلیانوالہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واسا، لوکل گورنمنٹ، صحت، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر فیلڈ میں متحرک ہو جائیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جائے، خاص طور پر خستہ حال عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا پیغام دیا جائے۔ رانا موسیٰ نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی عمارتوں کی چھتوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں، تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔ہاؤسنگ سوسائٹیز اور شہری علاقوں میں نکاسی آب، ڈی سلٹنگ اور چھتوں کی صفائی یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واسا حکام کو بارشوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہنے، مشینری کی مکمل تیاری اور فوری رسپانس یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر چھتوں کی صفائی کو یقینی بنائیں اور ممکنہ ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکیں۔ واسا، میونسپل ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہوں تاکہ شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ رانا موسیٰ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے اور اس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔مزید برآں دریا کنارے یا نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے مساجد سے خصوصی اعلانات کروانے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔