کوہاٹ بورڈ،انٹرمیڈیٹ امتحان کے سالانہ نتائج میں مبینہ ردوبدل‘ سنگین بے ضابطگیاں

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:07

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ میں انٹرمیڈیٹ امتحان کے سالانہ نتائج میں مبینہ ردوبدل‘ سنگین بے ضابطگیوں اورمالی کرپشن کے خلاف سوشل میڈیا پرجاری ویڈیو نے چیئرمین اور کنٹرولرامتحانات کی کارکردگی اور نتائج کی شفافیت پر سوالات اٹھادیئے جبکہ بورڈ انتظامیہ نے نتائج میں پوزیشن ہولڈرز سے متعلق بدنیتی پر مبنی بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے سوشل ایکٹویسٹ اور مقامی صحافی کو تحریری نوٹس جاری کر کے دو دن کے ا ندرالزامات کے ثبوت طلب کرلئے۔

اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ شب کرک کے سوشل ایکٹوسٹ حمیداللہ اور مقامی صحافی آفتاب خٹک نے اپنے پیج پر کئی منٹ کی گفتگو کے دوران کوہاٹ بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر امتحانات پرکئی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے محنتی طلبہ کی حق تلفی کی ہے اور نتائج کے اعلان سے چندروز قبل مبینہ طورپربڑے پیمانے پرمالی کرپشن کرکے نجی سکولوں کے طلبہ کی پوزیشنیں تبدیل کرکے شدید بے ضابطگیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر کوہاٹ بورڈ نے ایک خط کے ذریعے سوشل ایکٹوسٹ حمیداللہ اور مقامی صحافی آفتاب خٹک سے دودنوں کے اندرالزامات کے ثبوت مانگ لئے ہیں۔ بورڈ نے ایک اور وضاحتی بیان میں امیدواروں‘والدین اورتعلیمی اداروں کو یقین دلایا ہے کہ نتائج اور پوزیشن ہولڈرز کے حوالے سے تمام امور کا فیصلہ میرٹ اور امیدواروں کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔ کوہاٹ بورڈ انتظامیہ کسی کی بلیک میلنگ کا شکار نہیں ہوگی۔

کسی صحافی یا صحافتی ادارے کو اپنے مقامی مسائل ‘انا‘ذاتی مقاصد اور شخصی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کسی بھی سرکاری ادارے کی ساکھ کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔بیان کے مطابق نتائج کی تیاری کاکام حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اوراگلے ہفتے نتائج کیلئے حتمی تاریخ کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔ ادھر کوہاٹ بورڈ کی طرف سے جاری خط کے جواب میں متعلقہ سوشل ایکٹوسٹ اور صحافی نے کہا ہے کہ آئینہ ان کو دکھایا تو برامان گئے۔ان کا کہناتھا کہ کوہاٹ بورڈ نے صحافیوں کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ وہ گھبرانے والے نہیں بلکہ ڈنکے کی چوٹ پر جواب بھی دیںگے۔