وانا،ڈی ایچ او کاڈیوٹی نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:31

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر لوئر جنوبی وزیرستان ڈاکٹر عدنان داوڑ نے میڈیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل وانا کے علاقے سپین ہسپتال میں تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبداللہ سمیت چھ ایم بی بی ایس ڈاکٹروں اور تمام متعلقہ عملے کے خلاف ڈیوٹی نہ کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل توئے خلہ اور زرملن کے بی ایچ یوز بھی عملے کی غیرحاضری کے باعث مکمل طور پر غیر فعال ہوچکے ہیں، جنہیں دوبارہ فعال کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ڈی ایچ او عدنان داوڑ نے کہا کہ شیخہ فاطمہ ہسپتال شولام اور بی ایچ او کو کافی عرصے بعد فعال کیا گیا ہے، جہاں اب باقاعدہ ڈیلیوری کیسز بھی شروع ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی ادارے میں ڈیوٹی میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ وانا کے مضافاتی علاقوں میں تمام بی ایچ یوز اور ڈسپنسریوں کو فعال کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہیلتھ کے شعبے میں کسی قسم کی سفارش یا کمپرومائز ناقابل قبول ہے۔آخر میں ڈاکٹر عدنان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لوئر وزیرستان میں نان لوکل ڈاکٹرز اور دیگر عملہ تو ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، لیکن مقامی ڈاکٹرز اور کلاس فور ملازمین اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے تمام افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :