سندھ میں امراض قلب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہزاروں افراد مفت علاج کروا رہے ہیں، سید نوید قمر

اتوار 20 جولائی 2025 15:00

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا کہ سندھ میں امراض قلب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہزاروں افراد مفت علاج کروا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ٹنڈومحمدخان میں امراض قلب کے ہسپتال آئی سی وی ڈی میں جدید طرز کے ایک دوسرے آپریشن تھیٹر کے افتتاح کی منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

سندھ ادارہ برائے امراضِ قلب (ایس آئی سی وی ڈی) نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے دوسرے آپریشن تھیٹر (او ٹی) اور جدید ترین سینٹرل اسٹرل سپلائی ڈیپارٹمنٹ (CSSD) کا آغاز کردیا ہے، نیا آپریشن تھیٹر اور سی ایس ایس ڈی بین الاقوامی معیار پر مبنی ہیں، تقریب سے خطاب کے دوران سید نوید قمر نے سندھ حکومت اور ایس آئی سی وی ڈی کی صوبے بھر میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسرے آپریشن تھیٹر کے اضافے سے دل کے مریضوں کے لیے سرجری اور دیگر اہم طبی طریقہ کار کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کو بروقت مفت علاج فراہم کیا جا سکے گا، انہوں نے مزید کہا کہ جدید سی ایس ایس ڈی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو سرجری اور طبی علاج میں صفائی اور انفیکشن کنٹرول کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنائے گا۔ سید نوید قمر نے حکومت سندھ کے اس عزم کو دہرایا کہ صوبے کے عوام کو بالخصوص دیہی اور کم سہولیات والے علاقوں میں معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔