بجلی کے بلوں کی تقسیم اور پرنٹنگ پاکستان پوسٹ کے سپرد کرنے کا فیصلہ

ابتدائی طور پر رواں ماہ سے بلوں کی ڈلیوری شروع کی جائیگی،اس کے بعد پرنٹنگ بھی حوالے کر دی جائے گی

اتوار 20 جولائی 2025 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)پنجاب حکومت نے بجلی بلوں کی پرنٹنگ اور ڈلیوری پاکستان پوسٹ آفس کے سپرد کرنے کافیصلہ کر لیا۔ابتدائی طور پر بجلی کے بلوں کی ڈلیوری رواں ماہ سے شروع کی جائے گی،ڈلیوری کے بعد بلز کی پرنٹنگ بھی پوسٹ آفسز کے حوالے کر دی جائے گی،ڈائریکٹوریٹ آف پاکستان پوسٹ نے لاہور سمیت تمام زونز کو مراسلہ بھجوا دیا،سرکل، ڈویژن اور سب ڈویژن کی بنیاد پر بلوں کی ڈلیوری کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مراسلے متن کے مطابق رواں ماہ پوسٹ آفس کاعملہ لیسکو کے بلوں کی ڈلیوری کرے گا، بلوں کی ڈلیوری کے دوران مشکل علاقے اور مسائل بارے فیڈ بیک لیا جائیگا،فیڈ بیک کے تحت پوسٹ آفسز کے ملازمین کی تعداد ودیگر وسائل کو بڑھایا جائے گا،بجلی بلوں کی پرنٹنگ ،ڈلیوری کے اخراجات پر دونوں فریقین میں معاہدہ کیا جائیگا،لیسکو ادئیگیاں جبکہ پوسٹ آفس بروقت پرنٹنگ اور ڈلیوری کا ذمہ دار ہوگا۔اس وقت لیسکو میں بل ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے بلوں کی ڈلیوری کروائی جا رہی ہے،بجلی کے بلوں کی پرنٹنگ کے لئے بھی علیحدہ سیٹ اپ تشکیل دیا گیا۔