پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں انڈرگریجوایٹ پروگرامز کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

اتوار 20 جولائی 2025 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں انڈر گریجوایٹ پروگرامز کے لئے دوسرے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی،چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پرووائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود،ڈاکٹر ریحان صادق ڈاکٹر احمد اسلام اور کنٹرولرامتحانات محمد رئوف نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ 30 ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے انٹری ٹیسٹ کے لئے رجسٹریشن کرائی،ملک کے 20 اہم شہروں اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت، سکردو ودیگر شہروں میں داخلہ ٹیسٹ کے لئے امتحانی مراکز قائم کئے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں 113 امتحانی مراکز میں داخلہ ٹیسٹ لیا جا رہا ہے، تمام انڈر گریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کے لئے7 قسم کے انٹری ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انڈرگریجوایٹ داخلوں کے لئے 25 فیصد نمبر انٹری ٹیسٹ کے لئے مختص ہیں اورطلبا و طالبات کی سہولت کے لئے 2 شفٹوں میں انٹری ٹیسٹ لیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیو کیمپس میں رہنمائی کیمپس، شٹل سروس کی سہولت دی گئی ہے اور والدین کے لئے مناسب جگہوں پرپانی کا انتظام کیا گیاہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔