ایم کیو ایم آج بھی نفرت کے خول میں بند ہے،پیپلز پارٹی نے قومی یکجہتی کو فروغ دیا اور شہری و دیہی سندھ کو جوڑنے کا کام کیا، ترجمان سندھ حکومت

ایم کیو ایم کا ماضی کراچی کے عوام سے چھپا نہیں،جنہوں نے شہر کو نعشیں، لاقانونیت، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا تحفہ دیا،گنھور خان اسران کافاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل

اتوار 20 جولائی 2025 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)ترجمان سندھ حکومت گنھور خان اسران نے ایم کیوایم کے سینئررہنمافاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیو ایم آج بھی نفرت کے خول میں بند ہے،پیپلز پارٹی نے قومی یکجہتی کو فروغ دیا اور شہری و دیہی سندھ کو جوڑنے کا کام کیا۔گنہور خان اسران نے کہاکہ فاروق ستار اور ان کی ایم کیو ایم کا ماضی کراچی کے عوام سے چھپا نہیں۔

جنہوں نے شہر کو نعشیں، لاقانونیت، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا تحفہ دیا وہ آج سندھ حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ جدید ریڈایبل نمبر پلیٹس پر اعتراض کرنا جرائم کی سہولت کاری کے مترادف ہے۔ایم کیو ایم نہیں چاہتی لوگ ریڈایبل نمبر پلیٹس لگائیں اور جرائم کی روک تھام ہو سکے۔

(جاری ہے)

گنھور خان اسران نے کہاکہ اجرک بہانہ ہے، یہ لوگ جانتے ہیں جدید نمبر پلیٹس سے جرائم پیشہ عناصر کی شناخت اور گرفت ممکن ہوگی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ اجرک صرف سندھ ہی نہیں پورے خطے کی تہذیب اور شناخت ہے۔شہری اور دیہی سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔مخدوش عمارتوں پر استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز سیاسی ڈرامہ ہے۔ایم کیو ایم نے اپنے ادوار میں اداروں کو مفلوج کیا۔سندھ حکومت پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے