سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر جی بی سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، شمس الحق لون

اتوار 20 جولائی 2025 18:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر جی بی سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فروسز کے ساتھ ہے۔ وزیر داخلہ شمس لون نے چلاس تھور میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا حکم دے دیا اور ایف سی سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ دہشتگرد عناصر گلگت بلتستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کی خاطر سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ گلگت بلتستان کے عوام ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے ہیں۔

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیرِ داخلہ شمس لون نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جی بی میں شرپسندی پھیلانے والے یہاں کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔