نیشنل کانفرنس ریاستی درجے کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہے،عمر عبداللہ

اتوار 20 جولائی 2025 21:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے علاقے کا ریاستی درجہ مزید کسی تاخیر کے بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کا درجہ عوام کا بنیادی حق ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ایک بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں وعدوں اورسپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود ریاستی درجہ کی بحالی کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی ایسی چیز نہیں مانگ رہے جو ہمارا حق نہیں ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم یہ معاملہ اس وقت تک اٹھاتے رہیں گے جب تک ریاستی درجہ مل نہیں جاتا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی پارٹی ریاستی درجے کی بحالی کے لیے بھارتی سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے او دیگر آپشنز پر بھی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کسی بھی ایسی تجویز کو مسترد کر دیا جس میں ریاست کا درجہ بحال ہونے کے بعد بھی امن و امان بھارتی حکومت کے پاس رہے گا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اس طرح کی قیاس آرائیاں وہی لوگ کررہے ہیں جو کہتے تھے الیکشن نہیں ہوں گے یا الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔