سینیٹ الیکشن پر کے پی میں صورتحال پی ٹی آئی کی اپنی پیدا کردہ ہے،طلال چوہدری

سینیٹ میں بولیاں لگانے اور سیٹیں بیچنے کا کلچر خیبر پختونخوا میں کیوں ہی ،وزیرمملکت برائے داخلہ

اتوار 20 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں کورم کا بہانہ بنایا گیا، جان بوجھ کر کورم پورا نہیں کیا گیا اور اجلاس ملتوی ہوا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق کے پی میں جو صورتحال ہے وہ ان کی اپنی پیدا کردہ ہے، سینیٹ کا ہاؤس پی ٹی آئی والوں کی وجہ سے نامکمل ہے۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں کیوں ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیتے ہیں بانی پی ٹی آئی ہمیشہ بولی لگواتے ہیں، بولیاں لگانے اور سیٹیں بیچنے کا کلچر خیبر پختون خوا میں کیوں ہی ۔انہوں نے کہا کہ کے پی اسمبلی کو نامکمل کرنا اور سینیٹ کے ہاؤس کو مکمل نہ ہونے دینا بہت بڑا جرم ہے، اسپیکر نے سازش کے تحت ارکان اسمبلی کو حلف لینے سے روکا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اسمبلی میں قانون کے برعکس نہیں جا سکتی، پی ٹی آئی کی سیاسی غلطی کا فائدہ دوسری جماعتوں کو ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سینیٹ کے ٹکٹ ارب پتی افراد کو دیے، قانونی غلطیوں کا نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا، سینیٹ کو مکمل ہونے سے روکنا بہت بڑا آئینی جرم ہے۔