پاکستان اورسعودی عرب کے مابین طے پانے والاتاریخی معاہدہ دونوں برادرممالک کے تاریخی تعلقات میں ایک نئے دورکا آغازہے ، شیخ آفتاب احمد

ہفتہ 20 ستمبر 2025 13:13

پاکستان اورسعودی عرب کے مابین طے پانے والاتاریخی معاہدہ دونوں برادرممالک ..
حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی اور ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین طے پانے والے تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور پاکستان و سعودی عرب کے سلامتی و دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا قریبی دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے، اور یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی وژنری قیادت، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بھرپور کاوشوں اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی حکمتِ عملی، قومی یکجہتی اور عوامی اعتماد کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف عوامی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دے گا بلکہ اسلامی یکجہتی اور بھائی چارے کی عملی تصویر ہے۔ پاکستان امتِ مسلمہ کا واحد ملک ہے جس پر اسلامی دنیا کی نظریں ہیں اور پاکستان مسلم اُمہ کے تحفظ اور دفاع کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔ شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ 10 مئی کو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جس نے اپنے سے پانچ گنا بڑی فوج کو شکست دی ہے،پاکستان نے بھارت کو سفارتی اور دفاعی محاذ پر شکست دے کر دنیا میں ایک نیا مقام پیدا کیا ہے۔\378