لیسکو کی پولیس و رینجر کے ساتھ مشترکہ کارروائی، لکشمی چوک کے علاقے میں بجلی چوری کی بڑی واردات پکڑی گئی

پیر 21 جولائی 2025 15:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو انجنئیر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پرریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کو تیز کر دیا گیا ہے ۔ترجمان لیسکو کےمطابق لیسکو نے پولیس اور رینجرز کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔ لیسکو ٹیم نے انسدادِ بجلی چوری مہم کے دوران بجلی چور محمد حفیظ کو بٹ کڑاہی ہوٹل لکشمی چوک کے عقب میں واقع گلی سے مین ایل ٹی لائن سے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

(جاری ہے)

دورانِ کارروائی مین لائن سے ڈا ئریکٹ غیر قانونی لگائی گئی تار برآمد کر کے تحویل میں لے لی گئی۔ ایس ڈی او رائل پارک کے مطابق، ملزم ایک عادی بجلی چور ہے اور لیسکو کو اب تک تقریبا 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد حفیظ عرف بِلو کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ بجلی چوری کی کسی بھی اطلاع کو فورا لیسکو ہیلپ لائن 118 یا قریبی دفتر میں رپورٹ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔