Live Updates

مون سون کے دوران حادثات سے بچائو کیلئے بجلی کے آلات کے استعمال میں احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھیں،جوائنٹ سیکرٹری گلوز ایسوسی ایشن

پیر 21 جولائی 2025 15:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) جوائنٹ سیکرٹری گلوز ایسوسی ایشن سیالکوٹ طارق محمود نے کہا ہے کہ مون سون میں روزانہ گھر سے نکلنے سے پہلے شہر کے حالات اور موسم سے متعلق آگاہی ہونا ضروری ہے ، گلیوں ، سڑکوں کے اطراف لگے بجلی کے کھمبوں اور خاص طور پر گرے تاروں کے پاس گزرنے سے مکمل اجتناب کریں، گھروں میں بچوں کو بجلی کے آلات اور ساکٹ سے دور رہنے کی تلقین کرتے رہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون سون کے حوالے سے انڈورہ سپورٹس میں ورکرز کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دوران کام گیلے ہاتھ اور ننگے پائوں بجلی کے آلات کو چھونے سے گریز کریں، خاص طور پر اپنے گھروں میں استری، واشنگ مشین کو چلاتے ہوئے احتیاط برتیں گیلے ہاتھوں سے دروازے کی گھنٹی بجانے سے اجتناب برتیں بارش اور تیز ہوا میں بجلی کے ٹرانسفارمر کے قریب گزرنے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دوران بارش بجلی کی کسی بھی چیز کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ نہ لگا لیں ، موٹر پمپ کو گیلے ہاتھوں چھونے سے مکمل اجتناب برتیں غیر ضروری بجلی کے آلات کو بند رکھیں اگر گھر میں پانی داخل ہو جائے تو گیس اور بجلی کے مین سوئچ بند کر دیں گلی سڑک پر موجود بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈ سے دور رہیں۔انہوں نے ورکرز سے کہا کہ ایمر جنسی کی صورت میں ریسکیو اداروں کو مدد کے لئے فون کریں ، ان اداروں کے نمبر واضح طور پر کام کرنے والی جگہوں پر لکھے ہوئے ہیں اگر کہیں درج نہیں تو اپنے پاس بھی لکھ کر رکھیں تا کہ بوقت ضرورت نمبر تلاش کرنے میں وقت ضائع نہ ہو ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات