پنجاب کی ترقی اور خوشحالی وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ویژنری قیادت کا ثمر ہے، خواجہ ندیم سعید وائیں

پیر 21 جولائی 2025 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) معروف بزنس لیڈر خواجہ ندیم سعید وائیں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شفاف طرز حکمرانی اور معاشی استحکام کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک نئے ترقیاتی دور میں داخل ہو چکا ہے جس کا سہرا وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ویژنری قیادت کو جاتا ہے۔

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں عوامی مسائل کا فوری حل،بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کاروباری طبقے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جو عملی کوششیں کی گئی ہیں وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ ملکی سطح پر ایک رول ماڈل کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔انہوں نےکہا کہ وزیراعلی پنجاب نے خواتین کی تعلیم، نوجوانوں کے روزگار اور صحت و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جس طرح سے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ا ن کی سوچ مستقبل سے ہم آہنگ ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان اور کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہونا ا ن کی معاشی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔خواجہ ندیم سعید وائیں نے زور دیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کو جاری رکھنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز، بشمول کاروباری برادری، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کو حکومت کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے تاکہ پنجاب کو حقیقی معنوں میں خوشحال اور خودکفیل بنایا جا سکے۔ا نہوں نے ا مید ظاہر کی کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نہ صرف ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا روشن چہرہ بنے گا۔