ڈی آئی خان، گورنمنٹ ڈگری کالج کی دو طالبات پی سی بی کے قومی کرکٹ ٹریننگ کیمپ کیلئے منتخب

پیر 21 جولائی 2025 23:04

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر1ڈیرہ اسماعیل خان کی شعبہ HPEکی ہونہار طالبات کائنات اور کشف گل کو پی سی بی کے قومی کرکٹ ٹریننگ کیمپ میں شرکت کیلئے منتخب کرلیا گیا۔یہ انتخاب پی سی بی کی سینئر کوچ حسینہ کی خصوصی دعوت پر عمل میں آیا۔یہ اعزاز نہ صرف طالبات کی انتھک محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ شعبہ HPE کی پیشہ ورانہ رہنمائی، خصوصا ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ مس شمائلہ سعید اور سپورٹس انچارج مس شگفتہ سلیمان کی مسلسل کاوشوں کا بھی ثمر ہے۔

(جاری ہے)

پرنسپل عافیہ سعادت کی وژنری قیادت کو اس کامیابی کا اہم محرک قرار دیا جا رہا ہے، جنہوں نے ہمیشہ طالبات کی ہمہ جہتی ترقی کو ترجیح دی۔کائنات اور کشف گل اس سے قبل پشاور زلمی کرکٹ گیمز میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہیں اور اب یہ دونوں لاہور قلندرز کے ٹرائلز میں بھی حصہ لیں گی، جو ان کے قومی سطح کے کیریئر کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ PCB کا یہ اقدام نہ صرف ان باصلاحیت طالبات بلکہ پورے خطے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ادارے کی طالبات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور شناخت حاصل کر رہی ہیں، جو خواتین کے بااعتماد، باوقار اور روشن مستقبل کی علامت ہے۔