Live Updates

سینیٹ انتخابات میں کامیابی ارکان اسمبلی کا قیادت، نظریئے، پارٹی کے ساتھ وفادار و مخلص ہونے کا کھلا ثبوت ہے،پی ٹی آئی

پیر 21 جولائی 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی ارکان اسمبلی کا قیادت، نظریئے، پارٹی کے ساتھ وفادار و مخلص ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی 11نشستوں کیلئے ہونے والی پولنگ میں پی ٹی آئی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے 6امیدوار کامیاب کروائے۔

کامیاب ہونے والوں میں چار جنرل نشستوں، ایک ٹیکنوکریٹ نشست اور ایک خواتین کی مخصوص نشست شامل ہے، یہ تاریخی کامیابی اس حقیقت کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اپنی قیادت، اپنے نظریے اور پارٹی کے ساتھ مکمل وفادار اور مخلص ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات سے قبل مختلف حلقوں کی جانب سے منفی پروپیگنڈہ اور سازشی بیانیہ گڑھا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے ایم پی ایز منحرف ہو سکتے ہیں، ضمیر بیچ سکتے ہیں یا پارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے سے انکار کر سکتے ہیں تاہم آج کے نتائج نے ان تمام سازشی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی نے اپنے عظیم قائد عمران خان کے نامزد کردہ امیدواروں کو مکمل اعتماد کے ساتھ ووٹ دیا اور انہیں فتح دلوا کر یہ ثابت کر دیا کہ پارٹی کے کارکن کسی لالچ، دبا یا خوف کا شکار نہیں ہوتے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی صرف سینیٹ کی چند نشستوں کی فتح نہیں بلکہ یہ وفاداری، قربانی، نظریاتی وابستگی اور حقیقی قیادت پر یقین کی جیت ہے۔

عمران خان کے قافلے میں شامل ہر رکن نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ تحریک انصاف کے سپاہی نہ بکتے ہیں، نہ جھکتے ہیں، اور نہ ہی کسی سازش کا حصہ بنتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے تمام اراکین اسمبلی کو اس نظریاتی ثابت قدمی پر مبارکباد پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ حق، انصاف اور عوامی نمائندگی کے اس سفر میں عمران خان کی قیادت میں ہر امتحان میں سرخرو ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات