خلیج تعاون کونسل کی غزہ پر اسرائیلی محاصرے کی مذمت، کراسنگ فوری کھولنے کا مطالبہ

منگل 22 جولائی 2025 08:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی محاصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس محاصرے کو ظالمانہ، غیر انسانی اور غیر قانونی" قرار دیا۔العربیہ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ امدادی سامان کی ترسیل روکنے کے باعث وہاں قحط، غذائی قلت اور ادویات کی عدم دستیابی جیسے مسائل نے شدید انسانی بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔

انہوں نے قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری محاصرے کو بین الاقوامی انسانی قانون، جنیوا کنونشنز اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عالمی برادری کے لیے کھلا چیلنج ہے۔جاسم البدیوی نے مزید کہا کہ خلیجی تعاون کونسل اسرائیل کو غزہ میں جاری انسانی سانحے کی مکمل ذمہ داری کا حامل سمجھتی ہے، جس میں اجتماعی بھوک کی پالیسی بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، جن پر عالمی سطح پر فوری احتساب ضروری ہے۔خلیجی تعاون کونسل نے عالمی برادری، اس کے اداروں اور تنظیموں سے فوری اور سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس "سفاکانہ محاصرے" کو روکا جائے، قتل و غارت اور بھوک کے ہتھیار کو بند کیا جائے، امداد کے راستے فی الفور کھولے جائیں اور معصوم جانوں کو ممکنہ تباہی سے بچایا جائے۔

جاسم البدیوی نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ باعزت زندگی، آزادی، خود ارادیت اور عالمی قراردادوں و عرب امن منصوبے کی بنیاد پر پائیدار و منصفانہ امن کا حصول فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے اور خلیج تعاون کونسل فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔