اقوام متحدہ کا غزہ میں انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

منگل 22 جولائی 2025 09:40

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) اقوام متحدہ نے غزہ کی انسانی صورت حال کے تیزی سے خراب ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے جہاں بنیادی ضروریات زندگی کے آخری ذرائع بھی تباہ ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بچوں اور بڑوں میں غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور خوراک حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے شہریوں پر فائرنگ، قتل اور زخمی کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کی حفاظت اور احترام ہر حالت میں ضروری ہے اور انہیں کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ غزہ کی آبادی بنیادی زندگی کی ضروریات سے شدید محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی تنظیموں کی امداد کی فراہمی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ غزہ میں کشیدگی کے باعث انسانی ہمدردی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر دیر البلح کے کچھ علاقوں کے لیے جاری ایوی کیشن آرڈر سے مزید بے دخلیاں ہو رہی ہیں اور امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتایا کہ دیر البلح میں اقوام متحدہ کے دو گیسٹ ہاؤسز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے عملے میں خوف و ہراس پھیلا، تاہم اقوام متحدہ نے وہاں اپنے قیام کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے شہریوں اور انسانی کارکنوں کی حفاظت، زندہ رہنے کے لیے ضروری اشیاء کی فراہمی، اور تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا دوبارہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ اب جنگ بندی کا وقت آ چکا ہےاور اقوام متحدہ غزہ میں اپنے انسانی امدادی کاموں کو بڑے پیمانے پر بڑھانے کے لیے تیار ہے۔