چین کے صوبہ سیچوان میں اے آئی روبوٹس کی ترقی کے لیے نیا تربیتی مرکز قائم

منگل 22 جولائی 2025 13:44

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) چین کے صوبہ سیچوان میں اے آئی روبوٹس کی ترقی کے لئے نیا تربیتی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، جو ملک کی جدید روبوٹکس صنعت کی ترقی میں اہم پیش رفت ہے۔ شنہوا کے مطابق صوبائی سائنس و ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار نے بتایا کہ یہ منصوبہ 18 جولائی کو باضابطہ طور پر شروع کیا گیا جو چین میں عالمی سطح پر مسابقتی ایمباڈیڈ اے آئی روبوٹکس کلسٹر قائم کرنے کی حکمتِ عملی کا سنگ بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ میانیانگ شہر میں قائم یہ تربیتی مرکز تحقیق و ترقی، جانچ، معیار سازی اور عملی اطلاق کو یکجا کرنے والے ایک جامع پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔چینی انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے مطابق، چین کی ہیومینائیڈ روبوٹ مارکیٹ کا مالیاتی حجم 2030 تک 870 ارب یوآن تک پہنچنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

یہ تربیتی مرکز عالمی سطح پر ایمباڈیڈ اے آئی کی ترقی میں درپیش اہم رکاوٹوں، جیسے حقیقی دنیا کے تربیتی مناظر کی کمی، اعلیٰ معیار کے ڈیٹا کی قلت اور انتہائی ماحول میں جانچ کی محدود صلاحیت کو حل کرنے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مرکز بنیادی طور پر روبوٹس کے لئے ایک سکول کے طور پر کام کرے گا، یہ مرکز مصنوعی ماحول تخلیق کر کے روبوٹس کے لئے گہرے تعامل اور وسیع ڈیٹا کے حصول کے مواقع فراہم کرے گا، جس سے روبوٹس کی سیکھنے کی صلاحیت، الگورتھمز کی بہتری اور مہارت میں اضافہ ہو گا۔ یہ صلاحیتیں صنعت، صحت، شہری انتظام اور ہنگامی ردعمل جیسے شعبوں میں اطلاق کے لئے انتہائی اہم ہوں گی۔

یہ تربیتی مرکز ایک انوویشن سینٹر کے ذریعے کام کرے گا جو بنیادی ٹیکنالوجیز، سسٹم انٹیگریشن، اہم اجزا اور الگورتھمز کی تحقیق و ترقی اور پائلٹ مینوفیکچرنگ پر توجہ دے گا۔اسے دو خصوصی تربیتی بیسز کی مدد حاصل ہوگی جو مختلف ماحول میں آپریشنل ڈیٹا اکٹھا کریں گی اور مینوفیکچرنگ، ایمرجنسی رسپانس، سماجی خدمات، سیاحت اور شہری انتظام جیسے شعبوں میں روبوٹس کی تعیناتی کو ممکن بنائیں گی۔

صوبائی حکومت نے اس تربیتی مرکز کے لئےخصوصی فنڈ مختص کیا ہے اور منصوبے کے مطابق 2025 کے اختتام تک سات سے زائد روبوٹکس کمپنیوں کو یہاں کام کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔2027 تک، ہدف 30 سے زائد کمپنیوں کو اکٹھا کرنے، 30 سے زیادہ نئی ٹیکنالوجیز کو عملی جامہ پہنانے اور 10 سے زائد نئے روبوٹک مصنوعات متعارف کرانے کا ہے، تاکہ اس مرکز کو قومی سطح پر ایک نمایاں پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا جا سکے۔