Live Updates

آئی ایم ایف کی تاریخ کی بااثر ترین خاتون نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا

گیتا گوپیناتھ کے جانشین کے تقرر کا اعلان منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا جلد کریں گی

منگل 22 جولائی 2025 17:00

آئی ایم ایف کی تاریخ کی بااثر ترین خاتون نے اپنے عہدے سے استعفی دے ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر گیتا گوپی ناتھ نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ہے۔فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف آئندہ ماہ(اگست )کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں بطورگریگوری اینڈ اینیا کافی پروفیسر آف اکنامکس اپنی نئی تعلیمی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ فنڈ کی فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر گیتا گوپی ناتھ آئندہ ماہ(اگست )کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔آئی ایم ایف کے مطابق گیتا گوپیناتھ نے جنوری 2019 میں آئی ایم ایف میں بطور چیف اکانومسٹ شمولیت اختیار کی تھی اور جنوری 2022 میں انہیں فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے اہم عہدے پر ترقی دی گئی۔

(جاری ہے)

ان کے دور میں عالمی معیشت کوکورونا وبا، مہنگائی کا بحران، جنگیں اور تجارتی نظام کی ازسرنو ترتیب جیسے درپیش کئی غیرمعمولی چیلنجز کا سامنا رہا ان چیلنجز سے مثر انداز میں نمٹنے میں آئی ایم ایف نے کلیدی کردار ادا کیا۔ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے گیتا گوپیناتھ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیتا ایک شاندار رفیق کار اور غیرمعمولی فکری رہنما رہیں انہوں نے فنڈ کے مشن اور اس کے رکن ممالک سے اپنی بھرپور وابستگی کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف ایک مایہ ناز ماہرِ معاشیات ہیں بلکہ ایک اعلی منتظم بھی ثابت ہوئیں جنہوں نے ہر موقع پر اپنے ساتھیوں کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح کا خاص خیال رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے تجزیاتی وقار کے ساتھ ساتھ گیتا نے پالیسی سازی میں عملی رہنمائی فراہم کی انہوں نے آئی ایم ایف کے ملٹی لیٹرل سرویلنس، مالی و زری پالیسی، قرضوں اور بین الاقوامی تجارت پر کام کی نگرانی کی اور ارجنٹائن و یوکرین جیسے ممالک کے پروگراموں میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔آئی ایم ایف کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف اکانومسٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی گیتا گوپیناتھ کی دانشمندی کو عالمی سطح پر سراہا گیاانہوں نے عالمی معیشت پر جاری ہونے والی آئی ایم ایف کی سب سے اہم رپورٹ ورلڈ اکنامک آٹ لک کے معیار کو بلند رکھا بالخصوص کورونا وبا کے دوران جب عالمی معیشت غیرمعمولی بحران سے دوچار تھی گیتا گوپیناتھ نیانٹیگریٹڈ پالیسی فریم ورک پر بھی اہم کام کیا جو ممالک کو مالی و اقتصادی استحکام کے لیے موزوں پالیسیاں اپنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کورونا وبا کے دوران عالمی سطح پر ویکسینیشن کے لیے واضح ہدف اور اخراجات کا تعین کرنے والی پینڈیمک پلان کی مشترکہ تیاری میں بھی نمایاں کردار ادا کیاجسے عالمی سطح پر ایک فکری سنگِ میل قرار دیا گیا۔اپنے الوداعی بیان میں گیتا گوپیناتھ نے کہا کہ آئی ایم ایف میں بطور چیف اکانومسٹ اور فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر میری خدمات کا دور میرے لیے باعثِ فخر رہا میں نے فنڈ کے غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل عملے، منیجمنٹ، ایگزیکٹو بورڈ اور دنیا بھر کے ممالک کے حکام کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

میں کرسٹالینا جارجیوا اور ان کی پیش رو کرسٹین لاگارڈ کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے عالمی سطح پر خدمات انجام دینے کا یہ نایاب موقع فراہم کیا اب میں تعلیمی میدان میں واپسی کے ساتھ بین الاقوامی معیشت اور مالیات پر تحقیق کو مزید وسعت دوں گی تاکہ نئی نسل کے ماہرینِ اقتصادیات کی تربیت کر سکوں۔آئی ایم ایف کے مطابق گیتا گوپیناتھ کے جانشین کے تقرر کا اعلان منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا جلد کریں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات