بھارتی بے رحم شخص بچے پر خونخوار کتا چھوڑنے کے بعد ہنستا رہا، ویڈیو وائرل

منگل 22 جولائی 2025 16:24

بھارتی بے رحم شخص بچے پر خونخوار کتا چھوڑنے کے بعد ہنستا رہا، ویڈیو ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)بھارت میں ایک بے رحم شخص بچے پر خطرناک کتا چھوڑنے کے بعد ہنستا رہا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔افسوس ناک اور انسانیت کو جھنجوڑ دینے والا واقعہ ممبئی میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے امریکی نسل کے خونخوار پٹ بل کتے کو کمسن بچے پر چھوڑ دیا اور خود تماشائی بن کر ہنستا رہا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک 11 سالہ بچہ رکشے میں دبکا ہوا ہے جب کہ پٹ بل کتا اس کے بالکل قریب موجود ہے۔ اس خطرناک صورت حال میں بھی کتے کا مالک سامنے کی سیٹ پر بیٹھ کر ہنستا مسکراتا نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ چند لمحے بعد پٹ بل اچانک حملہ آور ہوتا ہے اور بچے کو متعدد بار کاٹتا ہے۔

بچہ چیختا ہے، ہاتھ پاں مارتا ہے اور بمشکل جان بچا کر رکشے سے باہر نکلتا ہے اور کتا اس کے پیچھے بھاگتا ہے، کپڑے نوچتا ہے، لیکن کتے کا مالک مکمل بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنستا رہتا ہے۔متاثرہ بچے کا کہنا ہے کہ اس نے مدد کے لیے پکارا لیکن کوئی آگے نہیں آیا۔ لوگ محض ویڈیو بناتے رہے اور کسی نے کتے کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوامی دبا کے نتیجے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔