چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو طلب کرلیا

منگل 22 جولائی 2025 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے زیر حراست ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو طلب کرلیا ۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے نشاندھی کی کہ پولیس کی موجودگی میں ملزمان کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں سے متعلق مسلسل پٹیشنز آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فرحت بی بی کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار خاتون نے بیٹےا نصر اسلم کی جان کے تحفظ کی استدعا کی ہے دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل آفتاب رحیم نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے بیٹوں غضنفر اسلم اور انصر اسلم کو شرقپور پر پولیس نے گرفتار کیا، 22 اپریل کو غضنفر اسلم پولیس مقابلے میں مار گیا۔

درخواست گزار کا دوسرا بیٹا اس وقت شیخوپورہ جیل میں ہے تمام مبینہ مقابلوں کی ایف آئی ار اسی طرز کی ہوتی ہیں۔ لہذا عدالت انصاف فراہم کرے۔ دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ایس ایچ او شرقپور سے استفسار کیا کہ آپ اس پر کیا کہیں گے ؟ ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کے ساتھیوں نے حملہ کیا جس سے وہ مارا گیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی ۔