بیلجیئم کے بادشاہ کی غزہ میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت

معصوم لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، بمباری کا شکار ہو رہے ہیں اور محصور علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں،خطاب

منگل 22 جولائی 2025 16:52

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)بیلجیئم کے بادشاہ فلپ نے غزہ میں کی صورت حال کو انسانیت کے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیم کے بادشاہ فلپ عمومی طور پر دنیا کے سیاسی کے معاملات سے خود کو علیحدہ رکھتے ہیں اور کسی بھی تنازع پر لب کشائی نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

تاہم اب بیلجیئم کے بادشاہ نے اپنے شاہی منصب اور روایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور ملک کے قومی دن کے اہم موقع پر غزہ کے حوالے سے غیر معمولی بیان جاری کیا ہے۔برسلز میں شاہی محل سے خطاب کرتے ہوئے بادشاہ فلپ نے کہا کہ میں ان تمام آوازوں میں شامل ہوں جو غزہ میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کر رہے ہیں جہاں معصوم لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، بمباری کا شکار ہو رہے ہیں اور محصور علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ جنگ کی یہ ابتر صورتحال بہت زیادہ طویل ہوچکی ہے۔ یہ انسانیت کے لیے باعثِ شرم ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اس مطالبے کی حمایت کرتا ہوں کہ اس ناقابلِ برداشت بحران کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔